پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ دنوں پی ایس ایل کے ایک میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے سلمان بٹ نے سرفراز احمد، ان کے انداز قیادت اور کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
پشاور زلمی کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے سلمان بٹ نے سرفراز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی جواب دیں کیونکہ پچھلا سیزن بھی آپ ہی ہارے تھے، ٹیم بھی آپ کے مشورے سے بنتی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرفراز کے ردعمل پر کسی کی بھی اچھی سوچ نہیں بن رہی اور صرف تنقید ہی ہو رہی ہے، جس طرح کا ردعمل وہ دیتے ہیں، جس طرح سے وہ بات کرتے ہیں، حقیقتاً وہ بات نہیں کرتے وہ چیختے ہیں اور وہ مشورہ نہیں دیتے بلکہ اپنا آپ تھوپتے ہیں۔
سلمان بٹ نے کہا کہ پچھلے میچ میں نسیم شاہ انہیں ایک جگہ فیلڈر لینے کے لیے کہہ رہا تھا لیکن سرفراز نے اشارہ کیا کہ فیلڈر مجھے لینا ہے، یعنی جو میں کہہ رہا ہوں وہ کرو، آپ ہمیشہ سب کے ساتھ ایسا نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن سے گلیڈی ایٹرز کے کپتان ہیں تو آپ کے بغیر تو کچھ بھی نہیں ہوتا ہو گا، وہ اپنے لیے کوئی آسانی نہیں بلکہ مشکلات پیدا کررہا ہے جس کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہو گا۔
سابق اوپننگ بلے باز نے وکٹ کیپر بلے باز کو مشورہ دیا کہ سرفراز کو چاہیے کہ اپنی کارکردگی پر توجہ دے اور پرفارمنس پر دھیان دے کیونکہ وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ ایک ڈیڑھ سال سے بطور وکٹ کیپر سفر کررہے ہیں لہٰذا انہیں پرفارمنس کو خود دیکھنا چاہیے۔
This is What Salman Butt Said About Sarfraz Ahmad pic.twitter.com/UgjpCTrBlN
— Fatima Mohsin 🇵🇰 (@MahamOfficial_2) February 2, 2022
