فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ کی صدارت میں ہونے والی آل پارٹیزکشمیرکانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت آزادی کشمیرکے لیے واضح روڈمیپ کا اعلان کرے،مسئلہ کشمیرکوتعلیمی نصاب کاحصہ بنایاجائے،کشمیرمیں ہونے والے بھارتی مظالم پرپوری دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے محترک کشمیرکمیٹی تشکیل دی جائے۔کانفرنس میں پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی لطیف نذر،ن لیگ کے رہنما سابق ایم این اے میاں عبدالمنان،پیپلزپارٹی کے سٹی صدررانانعیم دستگیر،جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین،جے یو پی کے مفتی عبدالشکوررضوی،جے یوآئی کے مفتی فضل الرحمن ناصر،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے پروفیسرنجیب اللہ طارق،مجلس وحدت المسلمین کے ڈاکٹر افتخار نقوی، مولاناسیدذاکرنقوی،پاکستان عوامی تحریک کے راناطاہرسلیم،کسان بورڈ کے ضلعی صدر علی احمدگورایہ،این ایل ایف کے میاں اعجازحسین،الخدمت فائونڈیشن کے صدررائے اکرم کھرل ، صدر مجاہدہسپتال شیخ مشتاق صدر ،پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے سعدحمید،انجینئرعظیم رندھاوا،جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری لیاقت علی گل سمیت مقامی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے۔مقررین نے کشمیری قیادت اور کشمیری عوام کو بھارتی ظلم و استبداد کے آگے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہنے پر نہایت شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ خون کے آخری قطرے تک پاکستانی قوم ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔کشمیر کے مظلوم عوام مشکل اور کٹھن حالات میں بھی پاکستان کے حق میں نعرے لگارہے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر کوبھرپورانداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں بھارت کی درندہ صفت فوج کے سامنے جیوے جیوے پاکستان کے نعرے اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیریوں کی تیسری نسل بھی بھارت سے آزادی چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی وارداتوں میں سب سے بڑاہاتھ بھارت کا ہے۔ بھارت اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کاجذبہ حریت دبا نہیں سکا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں امریکا کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کابھی نوٹس لے۔ امریکا کوپاکستان میں تو دہشتگردی نظر آتی ہے لیکن کشمیر میں معصوم اور بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں نے بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ، کشمیریوں کے قتل عام اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور کشمیریوں کو اقوا م متحدہ کی قرار دادوں کی منظوری کے بعد بھی ان کو حق خود ارادیت کے حق سے محروم رکھ کر یہ عالمی ادارے و عالمی طاقتیں برابر کی مجر م ہیں۔
