باڈہ (نمائندہ جسارت) نواحی گائوں یوسی دڑا میں شرپسند افراد گھروں کو آگ لگا کر فرار ہوگئے، آگ بڑھ جانے کی وجہ سے خادم، سکندر علی، خالد محمود، لیاقت چنا اور دیگر گائوں والوں کے گھر اور گھروں میں موجود تمام سامان جل کر راکھ بن گیا۔ اس موقعے پر متاثرہ گاؤں والوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کے شرپسندوں نے ہمارے ساتھ بہت بڑی ناانصافی کی ہے۔ ہمارے گھر جلا دیے گئے ہیں ہماری چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باڈہ ٹاؤن انتظامیہ کو موقعے پر ہی فائر بریگیڈ لانے اور آگ بجھانے کی اطلاع دی گئی مگر انتظامیہ نے فائر بریگیڈ خراب ہونے کا بتا کر فون بند کردیا۔ ادھر آگ بڑھ جانے کی وجہ سے ہمارے گھر اور گھروں میں موجود سامان جل کر راکھ بن گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ڈی سی لاڑکانہ، ایس ایس پی لاڑکانہ اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ شرپسندوں کے خلاف ایکشن لے کر متاثرہ خاندانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور ٹاؤن انتظامیہ کو سخت ہدایات کی جائے تاکہ آئندہ کسی کے گھر نہ جلیں جیسے ہمارے گھر جلے ہیں۔
