English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مسلہ کشمیر پر حکومتی حکمت عملی مشکوک ،شبہات کا شکار ہے،لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پالیسی فوجی اور حکومتی قیادت نے بنا لی، مسئلہ کشمیرپر ابہام بڑھ گئے ہیں۔ پہلے ہی عمران خان حکومت کی مسئلہ کشمیر پر حکمت عملی مشکوک وشبہات کا شکار ہے۔ یکطرفہ سلامتی پالیسی عوام کی نمائندہ پالیسی نہیں، 5اگست 2019ء کے اقدامات کے چالاکی کے مقابلے میں قومی سلامتی پالیسی اس کا مضبوط جواب دینے میں ناکام ہے۔ بھارت پاکستان کو ہر محاذ پر مات دینے، دہشت گردی پھیلانے میں مصروف ہے، حکومت کلبھوشن کو ریلیف دے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسئلہ کشمیر پر علما کانفرنس اور کاسموپولٹین کلب میں سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جموں وکشمیر پاکستان کی شہ رگ اوردل وجان ہے۔ پاکستان کے عوام بلاتفریق کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں پشتی بان ہیں۔ 5اگست 2019ء کے فاشٹ مودی اقدامات اقوامِ متحدہ قراردادوں، انسانی حقوق کے عالمی چارٹر کے صریحاً خلاف ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی تمام جماعتوں اور قیادت نے بھارتی اقدامات کو مسترد کر دیا ہے۔ کشمیر زمین کا تنازع نہیں ڈیڑھ کروڑ انسانوں کی آزادی، عقیدہ، انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔ بھارت اور پاکستان یکطرفہ طور پر کوئی حل کشمیریوں پر مسلط نہیں کر سکتے۔کشمیریوں کی رائے کو نظر انداز کر کے کوئی حل کشمیریوں کو قبول نہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کل بروز ہفتہ 5فروری کو پوری قوم سڑکوں پر نکلے گی، یکجہتی کا اظہار کرے گی، کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ بھارتی عزائم، اقدامات کے مقابلے میں کشمیری جدوجہد کی پشتی بانی کا اعلان ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر سے آئے مہاجرین تنہا نہیں بلکہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ مہاجرین کو سنبھالنا ریاست پاکستان کا دینی، قومی اور انسانی فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام اور پاکستانی ملت 5 اگست 2019ء کے اقدامات کو مسترد کرتی ہے۔یہ بھارتی ظالمانہ جارحیت ہے۔ حکومت پاکستان اپنے اعلانات کے مطابق بزدلی نہ دکھائے۔جرأت کا مظاہرہ کرے، قومی سلامتی پالیسی کے ذریعے بھارتی حکمت کاری کے مقابلے کے لیے مضبوط حکمت عملی بنائی جائے۔ کشمیریوں کو مایوس نہ کیا جائے، کشمیریوں کی مرضی، کشمیری قیادت کو نظرانداز کرنا خود پاکستان کے مستقبل کے لیے بھیانک ثابت ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے