پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد بھارتی فوج کے مظالم کا شکار کشمیری عوام سے اظہار ہمدردی اور اس بات کا عزم ہے کہ پوری پاکستانی قوم ان کے حق خود ارادیت کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، جلسوں اور احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت آج سہہ پہر جیل چورنگی سے مزار قائد اعظم تک کشمیر ریلی نکالی جائے گی جس سے جماعت اسلامی کے قائدین اور کشمیر کے نمائندے خطاب کریں گے .
کوہالہ پُل پر انسانی ہاتھوں کی سب سے بڑی زنجیر بنائی گئی جبکہ مرکزی تقریب منگلا پل میر پور آزاد کشمیر میں ہوئی۔
حکومت پاکستان کی جانب سے مظفرآباد میں یادگار شہدا کا افتتاح کیا گیا،تقریب سے صدر پاکستان عارف علوی سمیت صدر آزادکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری و دیگر نے خطاب کیا.
تقاریب میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا جبکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت خانوں میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی تقاریب منعقد ہوں گی، تقاریب میں بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کریں گے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔

