لاہور( سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ کا سب سے بڑا برانڈ پاکستان سپر لیگ 7ویں ایڈیشن کا کراچی میں پہلے مرحلے کے کامیاب انعقاد کے بعد دنیائے کرکٹ کے شائقین کی نظریں قذافی اسٹیڈیم لاہور پر جم گئیں، جہاں آج سے دوسرے مرحلے کا آغاز ہونے جارہاہے۔ پہلا میچ ملتان سلطانز اور پشاورزلمی کے درمیان ساڑھے 7بجے کھیلاجائے گا۔ ایونٹ میں شرکت کے سلسلے میں شائقین کے حوالے سے سب سے زیادہ دلچسپی اور خوشی کا اظہارِ، این سی او سی کی جانب سے پویلین میں 100 فیصد حاضری اور 12 سال سے کم عمر کے بچوں کا اسٹیڈیم میں داخلہ عروجِ پر ہونے کی توقع ہے۔ نمائندہ جسارت سے بات چیت کرتے ہوئے شائقین کرکٹ کا کہنا تھا کہ ہمیں کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم سے جو خبریں موصول ہورہی تھیں اس کے تناظر میں یقین نہیں تھا کہ یہ فیصلہ ممکن ہوگا لیکن ہم وفاقی، صوبائی حکومت اور خصوصاً پی سی بی چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہائی رسک لے کر ہمارے دل جیت لیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شائقین کو بھی چاہیے کہ وہ نظم و ضبط اور ایس او پیز کا خیال رکھیں۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کا فائنل 27 فروری کوہوگا اور ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے مرحلے کے پانچوں میچ جیت کر ناقابلِ شکست ہے اور اسی لیے تمام کرکٹ پنڈتوں کا کہنا ہے کہ یہ ہی ٹیم فاتح بن کر لگاتار 2دوسری مرتبہ تاریخ رقم کرے گی۔ آج میچ ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا۔ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، قذافی اسٹیڈیم اور اطراف میں بھاری پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ جب کہہاکی نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں کراچی طرز کا عارضی اسپتال بھی قائم کردیاگیا ہے جہاں شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کوکسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طبی امداد دی جاسکے گی۔

