لاہور: ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی مایوس نہیں بلکہ پازیٹو اور پرسکون رہتے ہیں، وہ نوجوان کپتان ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی پر گراونڈ میں غصہ نہیں کرتے ہیں، گھبراتے نہیں، یہی ان کی کامیابی ہے۔
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی توقعات سے بڑھ کر امیدوں پر پورا اترے ہیں، جیسن رائے سے اتنے رنز پڑنے کے باوجود وہ گھبرائے نہیں، لاہور قلندرز کے لئے اب تک ٹورنامنٹ بہت اچھا جا رہا ہے، تمام کھلاڑی سو فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو میچز ہارے اس میں بھی سخت مقابلہ کیا یک طرفہ نہیں ہارے۔
لاہور قلندرز کی فیلڈنگ کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں نے کچھ بچوں والے کیچز ڈراپ کئے جس پر حیران ہوں ایسے کیسے ہو گیا، فیلڈنگ مجموعی طور پر اچھی ہے کوئی کھلاڑی بوجھ نہیں تمام فٹ ہیں۔افغانستان کے راشد خان 19فروری کے بعد نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے لاہور قلندرز کو دستیاب نہیں ہوں گے،
اس حوالے سے عاقب جاوید نے کہا کہ راشد خان بلاشبہ نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بولر ہے ان کی کمی تو محسوس ہو گی، ان کے جانے کے بعد بھی مضبوط کمبی نیشن بنائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز گراونڈ میں آتی ہے تو کراوڈ بھی آتا ہے، لاہور کے کرکٹ فینز لاہور قلندرز سے محبت کرتے ہیں، اور اپنی ٹیم کو بہت سپورٹ کرتے ہیں۔

