
لاہورـ(رپورٹ وزیر علی قادری)پاکستان سپر لیگ کے 7سیزن کے 19اور 20ویں میچ میں بالترتیب پشاور نے کراچی کو 55رنز اور لاہور نے کوئٹہ کو باآسانی 8وکٹوںسے شکست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز
میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔پشاور زلمی کی اننگز میں حضرت اللہ زازئی 52 رنزبناکر نمایاں رہے، ان کے علاوہ محمد حارث نے 49، شعیب ملک نے 31 اور بین کٹنگ نے26 ،شرفین ردرفورڈ11اورلیام لیونگسٹن نے 6رنز بنائے۔کراچی کنگز کی جانب سے کرس جارڈن نے 3، محمد نبی،قاسم اکرم اور عمید آصف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے کپتان بابراعظم 59 رنز بناکر نمایاں رہے، جوکلارک 26، محمد نبی 15، شرجیل خان اور کک بین 14 ،14 رنز بناسکے، عامریامین 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور سلمان ارشاد نے 2،2 جبکہ محمد عمر اور لیام لیونگسٹن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔خیال رہے کہ کراچی کنگز کی رواں پی ایس ایل میں یہ مسلسل چھٹی شکست ہے،کراچی کی ٹیم 6 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے ایک میں بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔پی ایس ایل کا 20واں میچ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا۔لاہورقلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ٹاپ آرڈر قلندرز کی شاندار بولنگ کا سامنا نہ کرسکا، آدھی ٹیم صرف 54 رنز پر پویلین لوٹ گئی، تاہم عمر اکمل اور افتخار احمد کے درمیان 52 رنز کی شراکت داری نے ٹیم کو سہارا دیا۔افتخار احمد 39 گیندوں پر 52 جبکہ عمر اکمل 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، اس کے علاوہ حسان خان نے 17 رنز بنائے، یوں کوئٹہ نے مقرر ہ 20 اوورز میں7وکٹوں پر 141 رنز بنائے۔قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد خان اور حارث رؤف نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کا آغاز اچھا رہا ، اوپنر عبداللہ شفیق اور فخر زمان کے درمیان 41 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم عبداللہ 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ایک وکٹ گرنے کے بعد فخر نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری اسکور کی لیکن وہ 53 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔تاہم دوسری جانب کامران غلام نے بھی بہترین بیٹنگ کی اور ٹیم کو کامیابی دلوادی وہ 39 گیندوں پر 55 رنز بناکر نمایاں رہے۔
