English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آرمی چیف کی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات ،متشدد عناصر کے خاتمے کا عزم

اسلام آباد:پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(آ ن لائن )صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی الگ الگ ملاقات ہوئی جس میں قومی سلامتی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایوان صدر کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں آرمی چیف کی ملاقات ہوئی جس میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کو سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ تیاری،دہشت گرد عناصر کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی اور ملک سے متشدد عناصر کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے بلوچستان، خیبر پختونخوا کے نو ضم شدہ اضلاع میں آپریشنز میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج کی قربانیوں پر فخر ہے، مسلح افواج نے تمام مشکلات کے باوجود ملکی سرحدوں کا دفاع کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف کی ملاقات ہوئی جس میں قومی سلامتی سمیت پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر گفتگو ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایران کے وزیرداخلہ ڈاکٹر احمد واحدی نے پیر کے روز جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، اس موقع پر جیو اسٹریٹجک انوائرمنٹ خاص طور پر علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی و سیکورٹی کے شعبوں میں پاک ایران تعلقات اور پاک ایران بارڈر مینجمنٹ بشمول بارڈر مارکیٹس کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان وسیع تر تعاون اہم ہے، پاک ایران بارڈرز، امن و دوستی کی سرحد ہے، پاک ایران بارڈر پر شرپسندوں کو کسی قسم کی رعایت دینے یا کارروائیوں سے روکنے کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے،ایرانی وزیر داخلہ نے افغانستان میں استحکام مجموعی علاقائی ذمے داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں خاص طور پر افغان عوام کے مصائب کم کرنے کے لیے اٹھائے گئے پاکستانی اقدامات کو سراہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے