
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز حکومت سندھ اختر عنایت بھرگڑی نے کہا ہے کہ ہمیں عالمی سطح پر ملک کے سافٹ امیج اور کھیلوں کی دنیا کا پاکستان پر اعتماد بحال کرنے کیلیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ساؤتھ افریقا اور پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی میزبانی ہمارے لیے باعث اعزاز ہے اور محکمہ کھیل حکومت سندھ اس میگا ایونٹ کے انعقاد میں کی جانے والی ہر کوشش اور اقدام کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گاان خیالات کااظہارانہوں نے مذکورہ سیریزکیلیے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کی تشکیل کردہ آرگنائز نگ کمیٹی کے اراکین عمران احمد شیخ، آصف عظیم اور ماجد خان سے سیریز کی انتظامی امور سے متعلق اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ساؤتھ افریقا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز 28 فروری تا 3 مارچ ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی جس کیلیے ساؤتھ افریقا کی ٹیم 26 فروری کوکراچی پہنچے گی سیکریٹری اسپورٹس اختر عنایت بھرگڑی کاکہنا تھا کہ ساؤتھ افریقا کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے اس سے ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کی بحالی کی راہیں مزید ہموار ہوں گی۔ بینائی سے محروم افرادنے جہاں عام تعلیم کے علاوہ آئی ٹی ودیگرفنی میدانوں میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھا ئے ہیں وہیں عالمی کرکٹ کے میدانوں میں بھی اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے