لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے آل رائونڈر کامران غلام نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ صرف مار دھاڑ کا نام نہیں ، دنیا کے ورلڈ کلاس بیٹرز بھی ٹی ٹوئنٹی میں سنبھل کر کھیلتے ہیں۔اپنے ایک انٹرویو میںکامران غلام نے کہا کہ پاکستان ٹیم اسی لیے ہے کہ جو اچھاپرفارم کرے اسے موقع بھی ملے، اگر میں اچھا کھیلتا ہوں تو پھر میں بھی قومی ٹیم میں موقع ملنے کا منتظر ہوں گا ، میرا یہی ٹارگٹ ہے کہ جب بھی جہاں موقع ملے اچھا کھیلوں اور قومی ٹیم میں مجھے موقع ملے۔کامران غلام نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ صرف مار دھاڑ کا نام نہیں اس میں بھی صورتحال کے مطابق کھیلنا پڑتا ہے، بابر اعظم، جو روٹ ،ویرات کوہلی اور کین ولیمسن جیسے ورلڈ کلاس کھلاڑی جب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلتے ہیں تو صورتحال کے مطابق کھیلتے ہیں کیونکہ منہ اٹھا کر ماردھاڑکرنے والا ہی صرف ٹی ٹوئنٹی کا کھلاڑی نہیں ہوتا، اس میں بھی سنبھل کر کھیلنا پڑتا ہے۔بیٹر کامران غلام سمجھتے ہیں کہ محمد حفیظ، فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی جیسے سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی کا فائدہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فخر زمان کے ساتھ بیٹنگ کرنا بہت آسان ہوتا ہے، وہ جارحانہ انداز میں کھیلنا پسند کرتے ہیں۔
