اسلام آباد/لاہور (صباح نیوز+نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری توجہ اپوزیشن نہیں بلکہ مہنگائی سے نمٹنے پر ہے۔ نجی ٹی وی کے اینکر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگومیں ان کاکہنا تھاکہ عوام کو مہنگائی کی دلدل سے نکالنے کی تیاری کر رہا ہوں، اس وقت ہمارا ہدف یہ ہے کہ عوام کے لیے ذرائع آمدن بڑھائے جائیں اور عوام کی آمدن بڑھائی جائے اور نوکریاں پیدا کی جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ 4سے 6ماہ تک کے اثرات آج شروع ہوجائیں گے، اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں اوپر نہ گئیں تو پھر عوام کے لیے 4سے 6ماہ بعد ریلیف کا وقت ہو گا۔ عمران کان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ کسی بھی قسم کے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف تو کیا اختلاف رائے بھی نہیں ہے، یہ سب پروپیگنڈامریم کا میڈیا سیل کر رہا ہے، بشریٰ بی بی گزشتہ 6ماہ سے لاہور نہیں گئیں اور ان کے ساتھ میرا سوئی کے نکے کے برابر بھی کوئی اختلاف نہیں، خاتون اول کا وجود کل بھی میرے لیے طاقت تھا اور آج بھی وہ میرے لیے اتنی ہی طاقت ہیں۔وزیراعظم کے مطابق ڈیڑھ سال قبل بھی مریم کے میڈیا سیل نے انہیں لوگوں کے ذریعے میری نجی زندگی اور خاتون اول کو نشانہ بنایا تھا،مریم کے میڈیا سیل پر یقین کرنے کے لییضمیر کی قربانی بھی دینا پڑتی ہے، جو لوگ ضمیر کی قربانی دے رہے ہیں، وہ شاید ان باتوں پر یقین بھی کر رہے ہوں گے۔ عمران خان نے کہا کہ خوف کے سوااس پروپیگنڈے کا کوئی مقصد نہیں ہے، یہ لوگ بالکل خوفزدہ ہو چکے ہیں اور سیاسی طور پر یہ خوف کا شکار ہیں اور جب بھی یہ خوفزدہ ہوتے ہیں تو پھر ہمیشہ کی طرح میری ذاتی زندگی کو نشانہ بنانا شروع کر دیتے ہیں، اس دفعہ بھی انہوں نے یہی کیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہاکہ انتخابی نتائج میں ہیرا پھیری کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کی جاتی ہے، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں ایک بار پھر مستردشدہ ووٹوں کا مسئلہ سامنے آیا ہے، بڑی تعداد میں مستردشدہ ووٹوں کے مسئلے کی وجوہات ڈبل اسٹیمپنگ وغیرہ ہیں،2013 ء کے انتخابات پر جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں بھی یہی بات سامنے آئی تھی۔مزید برآںوزیراعظم عمران خان نے ایک روزہ دورے پرلاہور پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اراکین اسمبلی سے ملاقات کی ۔عثمان بزدار سے ملاقات میں صوبے کے سیاسی اور انتظامی امور پر گفتگو ہوئی ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے خانیوال واقعے کی تحقیقات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب پولیس اورچیف سیکرٹری بھی بعد ازاں ملاقات میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے وزیر اعظم کو لاہور کے میگا پروجیکٹ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی دعوت دی اور بتایا کہ پنجاب میں قیام امن کے لییتمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں بہترین پیش رفت پر وزیراعلیٰ کو شاباش دی۔اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے سخت مانیٹرنگ کی جائے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سب تیاری کریں ، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہم جیتیں گے۔
