اسلام آباد: مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے، دونوں کے درمیان مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیکرو سوفٹ کے بانی بِل گیٹس ایک روزہ دورے پر وہ پہلی بار پاکستان پہنچے ہیں، اسلام آباد میں انہوں نے انسدادپولیو پروگرام کا دورہ کیا، جہاں انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے انہیں بریفنگ دی، اور کورونا، پولیوکی روک تھام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی براے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود رہے۔
ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پولیو سے متعلق اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پاکستان کے پولیو ورکرز، ہیلتھ ورکرز اور والدین کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون کے باعث پاکستان ایک سال سے پولیو فری ہے، پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پولیو کے خاتمہ اور دوسرے اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بل گیٹس نے این سی او سی کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے وفاقی وزیر اسد عمر اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے ملاقات کی، بل گیٹس نے این سی او سی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، انہوں نے کرونا وبا کے دوران این سی او سی کے کردار کی تعریف کی۔
قبل ازیں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ مائیکرو سوفٹ کے بانی پہلی بار پاکستان آئے، ہم ان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہیں ، بل گیٹس پولیو کے خاتمے کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے، این سی او سی کا دورہ کریں گے ، احساس پروگرام کا جائزہ لیں گے اور صدر، وزیراعظم اور صوبائی ہیلتھ لیڈر شپ سے ملاقات بھی کریں گے۔
