کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف 2 روزہ ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں ضلع غربی میں اورنگی ٹائون پونے 5 نمبر ، ڈسکو موڑ ، فوجی ہوٹل ، ڈبہ موڑ ، چشتی نگر ،اکبر چوک اور دیگر مقامات پر مظاہرے ہوئے جبکہ ضلع ائر پورٹ میں ، کھوکھرا پار تا سعودآباد چورنگی احتجاجی مارچ کیا گیا ۔احتجاجی مظاہروں اور مارچ سے ضلع غربی کے امیر مولانا مدثر حسین انصاری ،نائب امیر خالد زمان شیخ ، ڈپٹی سیکرٹری مناظرالحسن، ضلع ائر پورٹ کے سیکرٹری محمد فرحان خان ، صہیب بلال اور دیگر نے خطاب کیا ۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے جن پر پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے اور حکومت کے خلاف مختلف عبارتیں اور قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کے مطالبات درج تھے ، مظاہرین نے وفاقی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نعرے بھی لگائے ،2روزہ احتجاج کے سلسلے میںآج بھی مظاہرے کیے جائیں گے۔ مولانا مدثر حسین انصاری ، محمد فرحان خان اور دیگر مقررین نے احتجاجی مارچ و مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل میں12روپے تک کے اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ حکومت فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 50فیصد کم کرے، لیوی اور کسٹم ڈیوٹی ختم کر کے عوام کو سبسڈی دی جائے۔ اشیائے خورونوش، ادویات اور بجلی کی قیمتیں بھی آدھی کی جائیں۔ عوام دشمن اقدامات ختم نہ ہوئے تو احتجاج اور دھرنوں سے حکمرانوں کو گھر جانے پر مجبور کر دیں گے ۔ پاکستان دنیا کا مہنگا ترین ملک بن گیا ہے، لوگوں پر عرصۂ حیات تنگ کر دیا گیا۔ حکمران غریب مکائو مہم چلا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کی غریب کش پالیسی جبر و ناانصافی کی آخری حد عبور کر گئی۔ آئی ایم ایف کے احکامات کی تابعداری جاری ہے،عوام پر مہنگائی کے کوڑے برس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں تیل کی قیمتوں میں ایک دفعہ پھر اضافہ کر کے قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچا دیں ۔ حکومت نے ثابت کر دیا کہ اسے مہنگائی کے مارے عوام کی کوئی پروا نہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں لاکھوں نوجوان بے روزگار ہوگئے ، عام آدمی کے لیے 2 وقت کی روٹی کی فراہمی بھی مشکل تر ہوتی جارہی ہے ۔ غریب عوام سخت پریشان اور پی ٹی آئی حکومت سے نالاں ہیں ، نوجوان مایوس ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن موجودہ حکومت کے ٹریڈ مارکس بن گئے۔ نااہل حکمرانوں نے قوم کا وقت ضائع کیا اور تباہ کن معاشی پالیسیاں تشکیل دیںجن کے باعث ملک اور قوم شدید مشکلات و پریشانی کا شکار ہے۔
