اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+اے پی پی) وفاقی وزیربرائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے 8 مارچ کو عورت مارچ پر پابندی عاید کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا۔رپورٹس کے مطابق پیر نورالحق قادری نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں 8 مارچ کو عورت مارچ پر پابندی عاید کرنے اور اس دن عالمی یوم حجاب منانے کی تجویز دی گئی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ یوم خواتین پر عورت مارچ یا کسی بھی عنوان سے اسلامی شعائر، اقدار اور حجاب کا تمسخر اڑانے کی اجازت نہ دی جائے۔خط میں تجویز دی گئی ہے کہ دنیا کو حجاب ڈے پر مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلم خواتین سے لباس کی وجہ سے کیے جانے والے امتیازی سلوک کی طرف متوجہ کیا جائے جب کہ عالمی برادری سے بھارتی حکومت کے اس رویے کو ختم کرانے کا مطالبہ کیا جائے۔خط کی کاپی صدر مملکت کو بھی ارسال کی ہے۔یاد رہے کہ8 مارچ کو عالمی سطح پر یوم خواتین منایا جا تا ہے۔علاوہ ازیں اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے اپنی طرف سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط کے بارے میںجمعرات کو ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو8مارچ بطور یوم حجاب منانے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مظلوم طالبات کو حجاب کی وجہ سے تشدد و ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حقوق نسواں کی تنظیمیں بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم کو لکھے گئے اپنے خط میں آئندہ خواتین کے عالمی دن پر عورتوں کے حقوق وراثت، علم، روزگار کے مواقع، گھریلو تشدد، دفاتر میں ہراسگی کے خلاف آواز اٹھانے پر بات کی ہے کیونکہ پاکستان نہ ہی مادر پدر آزاد، حقوق و اقدار سے عاری معاشرہ ہے اور نہ ہی مذہبی سخت گیر معاشرہ ہے،ہمارا معاشرہ میانہ روی اور اعتدال کا حامل معاشرہ ہونا چاہیے، حقوق کے نام پر بے حیائی اور بدتمیزی کی کسی صورت اجازت نہیں ہونی چاہیے، میرے خط کے مندرجات واضح اور معتدل پاکستانی معاشرے کی اجتماعی سوچ کے عکاس ہیں، بعض سیاسی رہنما خط کو پڑھے بغیر منفی پراپیگنڈے کی کوشش کر رہے ہیں۔
