اسلام آباد( آئی این پی+آن لائن) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے اپوزیشن رہنماؤں میں رابطے تیز ہوگئے ہیں۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا ، دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہو گی۔علاوہ ازیں پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلیفونک رابطہ میں سابق صدرمملکت آصف زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے مل بیٹھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ مولانا فضل الرحمن ڈیرہ اسماعیل خان سے اسلام آباد پہنچ کر چند روز میں زرداری سے ملاقات کریں گے ۔فضل الرحمن نے اسلام آباد میں ڈیرے جمانے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق فضل الرحمن 20 فروری کو ہنگو جلسہ کے بعد اسلام آباد آجائیں گے۔سربراہ پی ڈی ایم حکومت کے خلاف بڑا قدم اٹھانے کے لیے صلاح و مشورے اور ملاقاتیں کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے 22 فروری کو پارٹی کا اہم اجلاس بھی طلب کرلیا۔مولانا فضل الرحمان وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے عمل تک اسلام آباد میں قیام کریں گے۔مزید برآں جمعہ کوچیئرمین پیپلزپارٹی سے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ایمل ولی خان نے عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے لانگ مارچ کی حمایت کی اور اس میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا۔
