حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)ہیلپنگ ہینڈ انٹرنیشنل امریکا کو آرڈینیٹر برائے پاکستان وسیم سلیم اور سندھ کے کو آرڈینیٹر علی محمد نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دور ے پر سینئر نائب صدر محمد عارف ، نائب صدر دانش شفیق قریشی اور اراکین سے ملاقات کی ، کوآرڈینیٹر پاکستان وسیم سلیم نے بتایا کہ ہیلپنگ ہینڈ انٹرنیشنل امریکا 50سے زائد ملک میں کام کر رہا ہے اور یہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر کام کرنا چاہ رہا ہے ، صوبہ سندھ کے مختلف اضلا ع میں اپنے دفاتر کھولنا چاہتا ہے ، ہیلپنگ ہینڈ انٹرنیشنل امریکا پاکستان میں فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کر رہا ہے جس میں سب سے پہلے سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر یتیم خانے کا قیام بھی شامل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 1000درختوں کی شجرکاری شروع کر رہے ہیں ، 500پو دے حیدرآباد میں لگائے جائیں گے ، اس کے علا وہ اندرون سندھ میں کچھ منصوبے پر کام شروع کر یں گے ۔ ایوان صنعت کے عہدیداران نے یقین دہانی کرائی کہ ہیلپنگ ہینڈ انٹرنیشنل امریکا کی پاکستان میں شروع کیے جانے والے منصوبے کی تکمیل میں حیدرآباد چیمبر بھرپور تعاون کرے گا ۔ اس موقع پر محمد اقبال بھٹی ، عبد الستار خان ، سید یاو ر علی شاہ ، عبد الوحید شیخ ، سمیت محمد اقبال شیخ ، حاجی ظہیر الدین ، یوسف دادا و دیگر موجود تھے ۔
