نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) کرناٹک میں حجاب پرپابندی کیخلاف احتجاج کرنے والی 10 طالبات کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹک کے سرکاری کالج کی باحجاب طالبات کوکالج میں داخل ہونے سے روکنے پراحتجاج کرنے والی 10 طالبات کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔کرناٹک میں حجاب پرپابندی کے خلاف طالبات کا کیس کرناٹک ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے۔ کرناٹک کی عدالت نے ہندوانتہاپسندوں کا موقف اپناتے ہوئے کیس کے فیصلے تک تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پرپابندی کا عبوری حکم دیا ہے۔کرناٹک کے اسکولز اورکالجز میں باحجاب طالبات کو کلاسز اٹینڈ کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ کرناٹک کے علاوہ بھارت کی دیگرریاستوں میں بھی حجاب کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔علاوہ ازیںکرناٹک میں ایک اسکول نے حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کرنیوالی طالبات کو معطل کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے ضلع شیواموگا میں طالبات نے حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔اسکول کے سامنے احتجاج کرنے والی 58 طالبات کا مطالبہ تھا کہ انہیں کلاس رومز میں باحجاب بیٹھنے کی اجازت دی جائے کیونکہ حجاب ان کا حق ہے اور وہ جان دے دیں گی مگر حجاب نہیں چھوڑیں گی۔اسکول انتظامیہ نے احتجاج کرنیوالی ان تمام طالبات کو معطل کردیا ہے اور ان کی معطلی ختم ہونے تک طالبات کا اسکول کی حدود میں داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ حجاب کیلیے احتجاج کرنے پر دیگر مظاہرین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔
