لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما اوراسپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سیاسی ساکھ کو سامنے رکھ کرملکی مفاد میں فیصلے کریں گے، سیاسی عمل کے باعث رابطے سب کے ساتھ ہوتے ہیں، لیکن فیصلے سوچ سمجھ کر ملکی مفاد میں کیے جاتے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے وفاقی وزیر سیفران صاحبزادہ محبوب سلطان اور ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان نے اسپیکر چیمبر میں ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر چودھری پرویز الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام فیصلے سیاسی ساکھ کو سامنے رکھ کرملکی مفاد میں کریں گے، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوامی خدمت میں بھرپور کردارادا کرنا اولین ترجیح ہے۔ملاقات میں صاحبزادہ محبوب سلطان اورصاحبزادہ امیرسلطان نے سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔