میرپورخاص(نمائندہ جسارت)تبدیلی سرکار نے قوم کو مایوسیوں کے گھڑے میں دھکیل دیا ہے،آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر سجدہ ریز حکمران عالمی اداروں کی ڈکٹیشن پر اب معاشی دہشت گردی پر اتر آئے ہیں،متوسط اور دہاڑی دار طبقہ کو روزانہ کی بنیاد پر اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں نے بری طرح سے متاثر کیا ہے، پی ٹی آئی،ن لیگ اور پیپلزپاڑٹی ملک و قوم کو اس بدترین انجام تک پہنچانے میں برابر کے شریک ہیں، تینوں جماعتیں کرپٹ اشرافیہ پر مشتمل ہے جو کہ باری باری ملک کے وسائل لوٹ کر ملک کو کھوکھلا کر چکے ہیں،جماعت اسلامی کی باصلاحیت اور دیانتدار قیادت قوم و ملک کو اس منجدھار میں سے نکالنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے آنے والے الیکشن میں اپنے نام اور نشان پرلڑیں گے،پیپلز پاڑٹی کی ہدایات پر ہونے والی نئی حلقہ بندیاں پری پول رگنگ ہے الیکشن کمیشن اپنی پوزیشن واضح کرے شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں کو ملاکر ووٹوں کے تناسب کو پیپلزپارٹی کے لیے سازگار بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی سندھ ممتاز حسین سہتو نے الہٰدی اکیڈمی میں منعقدہ جماعت اسلامی میرپورخاص کی سیاسی کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الہی مغل سیکرٹری جماعت اسلامی میرپورخاص محمد رفیق چوہان صدر سیاسی کمیٹی عاصم شیخ نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں جماعت اسلامی میرپورخاص کے نامزد کونسلرز و امیدواران سمیت دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں نئی حلقہ بندیوں اور مجوزہ الیکشن کے حوالے سے مختلف تجاویز و آرا پر غور کیا گیا۔ممتاز حسین سہتو نے مزید کہا کہ ماضی کا خوبصورت میرپورخاص آج کچرے اور غلاظت کا ڈھیر کا منظر پیش کررہا ہے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے والے تمام ادارے کرپشن اور بدعنوانی کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔ کارپوریشن بننے کے باوجود شہر کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ میرپورخاص اور ملک کا روشن اور تابناک مستقبل باصلاحیت اور دیانتدار قیادت سے وابستہ ہے۔ جماعت اسلامی عوام کی بلاامتیازخدمت کا شاندار تجربہ رکھتی ہے۔کراچی سمیت سندھ بھر میں پھیلی ہوئی لاقانونیت اوراسٹریٹ کرائم نے عوام کو خوف میں مبتلا کردیا ہے۔ خواتین و بچوں سمیت کسی کی بھی جان مال اور آبرو محفوظ نہیں ہے۔ شاہ بھٹائی اور لال شہباز قلندر کی دھرتی کو جرائم اور لاقانونیت کی آماجگاھ بنادیا گیا ہے۔
