ماتلی (نمائندہ جسارت) مصروف اور اہم شاہراہ ٹنڈو غلام علی روڈ عام عوام کی آمدورفت کے لیے دشوار ہوگئی ، اس شاہراہ پر با اثر افراد کے تعمیراتی سامان کی بڑی دوکانیں اور گودام ہیں جہاں تعمیراتی سامان آتا رہتا ہے اور ٹرالروں سے اُتار کر گوداموں میں منتقل کیا جاتا ہے، جن کے لیے یہ اصول طے تھا کہ یہاں سر یا سیمنٹ اور دیگر تعمیراتی سامان کی آمد مصروف اوقات کے بجائے رات کے وقت ہوگی اور سامان کو رات 8 بجے کے بعد ہی بڑے ٹرالروں سے گوداموں میں منتقل کیا جائے گا، لیکن طویل عرصے سے اس اصول کو بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے اور ٹی آئرن، گارڈر، سریا، سیمنٹ اور دیگر سامان سے لدے بڑے ٹرالر صبح ہی سے انلوڈ ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور سڑک کا بڑا حصہ گھرجانے کی وجہ سے اکثر بدترین ٹریفک جام ہوتا ہے جس کی وجہ سے اسکول و کالج کے طلبا و طالبات اور ڈیوٹی و کام کاج سے آنے جانے والوں کی سواریاں ٹریفک جام میں پھنس جاتی ہیں اور انہیں تاخیر و کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ٹریفک پولیس کے اہلکار اس جگہ سے چند میٹر کے فاصلے پر چوک پر ہوتے ہیں لیکن با اثر افراد کے کام میں مداخلت کی جرأت نہیں رکھتے کیونکہ بااثر افراد کا رابطہ شاید اوپر کے افسران سے ہے اور وہ بلا خوف اپنا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، عوام اس ساری صورتحال سے سخت دشواری کا سامنا کر رہے ہیں۔ ماتلی کی سول سوسائٹی اور عوام نے ڈپٹی کمشنر بدین، ایس ایس پی بدین ، ڈی ایس پی ماتلی، اسسٹنٹ کمشنر ماتلی اور ایس ایچ او ماتلی سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ قانون کا نفاذ ہر با اثر اور خاص و عام پر یکساں کرایا جائے اور شاہراہ عام پر دن کے مصروف اوقات میں بڑے ٹرالروں اور ٹرکوں کی آمد و رفت اور لوڈنگ ان لوڈنگ کا سلسلہ فوری بند کرایا جائے تاکہ ٹریفک جام کی وجہ سے عام عوامی سواریوں کی آمدورفت میں خلل نہ ہو۔
