مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں حزمہ چیک پوائنٹ کے قریب آباد کاروں کی فائرنگ سے 2بھائی زخمی ہو گئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق شرپسند یہودیوں اور فلسطینیوں کی گاڑی میں تصادم کے بعد جھگڑا شروع ہوا،جس پر مشتعل ہوکر یہودیوں نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔ واقعے میں 2فلسطینی بری طرح زخمی ہوئے،جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ متاثرین کے اہل خانہ نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کے نام جواد اور محمد ابو خدیجہ ہیں ۔ دونوں آپس میں بھائی ہیں اور ان کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس سے ہے۔ ٹریفک حادثے کے بعد یہودیوں نے بدتمیزی شروع کی اور اچانک پستول نکال کر گولیاں برسادیں،جو محمد ابو خدیجہ کی کمر اور جواد ابو خدیجہ کے پاؤں میں لگیں۔ انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرین کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جو کچھ ہوا وہ آباد کاروں کے تکبر اور فلسطینیوں کو ذلیل سمجھنے کا نتیجہ ہے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس اور فلسطین کے دیگر علاقوں میں اسرائیلی حکومت کے ایما پر آبادکاروں کے حملے بڑھتے جارہے ہیں۔ اس سے قبل بیت المقدس کے شیخ جراح میں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں نے مشترکہ کارروائی کی تھی۔
The post اسرائیلی آباد کاروں کے حملے میں 2فلسطینی زخمی appeared first on Daily Jasarat News.
