ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس نے خبردار کیا ہے کہ اس کا 500ٹن وزنی خلائی اسٹیشن بھارت میں گر سکتا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق روسی خلائی پروگرام کے سربراہ دیمتری روگوزن نے خبردار کیا ہے اسپیس اسٹیشن کے مدار سے نکلنے کی صورت میں چین اور بھارت تباہ شدہ باقیات سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان جاری جنگ خلا تک پہنچ گئی ہے ۔روس کی جانب سے یہ بیان یوکرائن پر جارحیت کے تناظر میں عائد پابندیوں پر سامنے آیا ہے۔ روسی خلائی پروگرام کے سربراہ دیمتری روگوزن کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں کے باعث خلا میں واشنگٹن کا تعاون ختم ہونے کی صورت میں روسی اسٹیشن مدار سے نکل جائے اور اس کے نتیجے میں بھارت اور ممکنہ طور پر چین 500ٹن وزنی خلائی اسٹیشن کے ملبے کی زد میں آسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ روس اور امریکا آئی ایس ایس پروگرام کے بڑے شراکت دار ہیں، جس میں کینیڈا، جاپان ، فرانس، اٹلی اور اسپین شامل ہیں۔
