English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عوام کو آئندہ دنوں میں مزید ریلیف دیں گے ، وزیر اعظم

لاہور: وزیراعظم عمران خان انڈسٹریل پیکج کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو آنے والے دنوں میں مزید ریلیف دیں گے، پنجاب میں پارٹی متحد ہوکر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے ، کامیاب ہوں گے ۔ گورنر ہائوس لاہور میں وزیر اعظم سے پارٹی اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، گور نر پنجاب چودھری محمدسرور، وزیر اعلی عثمان بزدار اور وزرا نے بھی شرکت کی۔اس دوران تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود، فواد چودھری، غلام سرور خان نے بھی شرکت کی۔ گورنر ہاوس میں ملاقاتوں کے دوران پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاریاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی وزرا ، اراکین اسمبلی کو بھی کارکنوں سے رابطوں کی ہدایت کردی۔علاوہ ازیں لاہور میں صنعتی پیکیج دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قرض مانگنے والوں کی عزت نہیں ہوتی ،ہمیں معیشت کو مضبوط بنانا ہوگا، اپنی برآمدات بڑھانی ہوں گی جس کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، سابق حکومتیں ملکی معیشت درست کرنے میں ناکام رہیں، ہم اسمال اور میڈیم انڈسٹریز کے لیے پالیسیاں لے کر آئے ہیں،رکاوٹیں ختم کر دیں، اب پاکستان تیزی سے اوپر جائے گا۔ مزید برآں ملک میں موجودہ سیاسی سرگرمیاں تیز ہونے اور تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد وزیر اعظم عمران خان بھی متحرک ہو گئے ۔وزیراعظم چودھری برادران سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی، چودھری سالک، شافع حسین، حسین الٰہی، منتہیٰ اشرف، محمد خان بھٹی، طارق بشیر چیمہ بھی شریک ہوئے۔حکومتی وفد میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزرار، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وفاقی وزیر تعلیم، شفقت محمود، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار، پی ٹی آئی ایم این اے عامر ڈوگر، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم اور چودھری برادران کے درمیان ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی، جس میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ساتھ ہی مشکل وقت میں ساتھ نہ چھوڑنے کی درخواست بھی کی۔ذرائع کے مطابق چودھری برادران نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔ چودھری برادران کا کہنا تھا کہ 14 سال بعد شہباز شریف کو ہمارا خیال آگیا، شہباز شریف کو بتا دیا تھا عمران خان کو ہٹا نہ سکے تو وہ پہاڑ پر اور ہم زمین کے نیچے دھنس جائیں گے، ایسی چال کا کیا فائدہ جس کی کامیابی کا کوئی چانس ہی نہ ہو، آپ کے ساتھ سیاست کریں گے، عدام اعتماد کی باتیں افسانے ہیں۔وزیر اعظم نے قلیگ سے رابطوں کے بعد دیگر اتحادیوں سے بھی ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں سے بھی جلد ملاقات کا امکان ہے۔اْدھر وزیر اعظم نے اپنی جماعت کے اراکین پارلیمنٹ سے بھی رابطے تیز کردیے ہیں ، دورہ لاہور کے دوران وزیر اعظم کی پنجاب کے چار ڈویژن کے اراکین پارلیمنٹ سے طویل ملاقات ہوئی، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو غیر فعال کرنے کے لیے وزیراعظم نے خود رابطوں کا محاذ سنبھال لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے