اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک کی کامیابی کے لیے ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں۔اسلام
آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کا موجودہ حکومت کو گرانے پر اتفاق ہے، ہمارا فوکس ہے کہ خزاں جائے، بہار آئے یا نہ آئے۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ ہوا ہے اور تحریک کی کامیابی کے لیے نمبرز پورے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی کمیٹی اگلے دو روز میں حتمی سفارشات دے گی اور تحریک عدم اعتماد اور اجلاس کی ریکوزیشن دونوں پر غور ہورہا ہے۔پی ڈی ایم کے سربراہ نے واضح کیا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کی اتحادیوں پر انحصار نہیں کر رہیں بلکہ ان کا انحصار انفرادی شخصیات پر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت گرانے کے بعد نئی حکومت کے قیام سے متعلق ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور عدم اعتماد سے پہلے کسی داخلی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتے۔ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا ہم سے کوئی رابطہ نہیں ہے البتہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی سے اسٹیبلشمنٹ کے رابطے کے بارے میں بھی ہمیں کوئی علم نہیں ہے۔مولانا نے کہا کہ امپائر بظاہر نیوٹرل نظر آ رہے ہیں لیکن ہم نے امپائر سے کوئی سپورٹ نہیں لینی۔