اسلا م آباد(صباح نیوز)صدر عارف علوی نے ملک میں صنعتی ترقی کیلیے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2022 جاری کر دیا۔صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل89کے تحت آرڈیننس جاری کیا،جاری اعلامیہ کے مطابق آرڈیننس کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتوں کا فروغ ، بیمار صنعتی یونٹس کا احیاء ہے،آرڈیننس کے تحت نقصان میں جانے والی اور بیمار صنعتوں کو دوبارہ زندہ کرنے کیلیے پیکیج دیا گیا ہے،آرڈیننس کی مدد سے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں سیکشن 59 سی ، 65 ایچ ، 100 ایف کا اضافہ کیا گیا،آرڈیننس میں کہا گیا ہے کہ نئی صنعتوں کے قیام کیلیے ظاہر کردہ اثاثوں پر سرمایہ کاروں کو صرف 5 فیصد مقرر ٹیکس دینا ہوگا، ظاہر کردہ فنڈز صرف پلانٹ و مشینری خریدنے ، انڈسٹری کے قیام کیلیے استعمال ہو سکیں گے ، فائدہ مند کمپنیاں بیمار اور نقصان میں جانے والی صنعتیں حاصل کر سکیں گی ، حوصلہ افزائی کیلیے بیمار صنعت کا ٹیکس نقصان اگلے تین سال کیلیے ایڈجسٹ کیا جاسکے گا، آرڈیننس میں کہا گیا ہے کہ اہل سمندر پار پاکستانی ، بیرون ملک اثاثوں کے حامل پاکستانی سرمایہ کاری کر سکیں گے، سرمایہ کار پیکیج کے تحت واپس لائی گئی رقم پر 100 فیصد ٹیکس کریڈٹ کے اہل ہوں گے ،پییکج کے تحت واپس لائی گئی رقم کے برابر ٹیکس کریڈٹ صرف پانچ سال تک دیا جائے گا۔