اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے ناردرن کو 2 وکٹوں سے ہرادیا. اوپنر عمر امین کی سنچری رائگاں گئی. فاتح ٹیم نے 276 رنز کا ہدف 5 گیندیں قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا. وکٹ کیپر بیٹر بسم اللہ خان 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 84 رنز بنا کر نمایاں رہے. نوجوان اوپنر حسیب اللہ نے 40 رنز ا اسکور کیے. عماد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے. اوپنر عمر امین نے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 116 رنز کی اننگز کھیلی. مبصر خان نے 43 رنز اسکور کیے. عاکف جاوید نے 60 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی. ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سدرن پنجاب کو ڈی ایل ایس میتھ کے تحت ایک وکٹ سے ہرادیا. پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی. عامر یامین 35 رنز بنا کر نمایاں رہے. میر حمزہ نے 4 اور ابرار احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں. جواب میں سندھ نے 23 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا. ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت سندھ کو فاتح قرار دیا گیا. اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن خیبر پختونوخواہ نے سینٹرل پنجاب کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی. دفاعی چیمپئن نے 216 رنز کا ہدف 42.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا. وقار احمد نے 68 اور کامران غلام نے 56 رنز کی اننگز کھیلی. عثمان قادر نے 2 وکٹیں حاصل کیں. اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے تھے. احمد شہزاد نے 35 رنز بنائے. خالد عثمان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا.۔
