مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے آج نفیر عام کا اعلان کرتے ہوئے فلسطینیوں سے بڑی تعداد میں نماز جمعہ مسجد اقصیٰ میں ادا کرنے کی اپیل کردی۔ حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے فلسطینیوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہیں ۔ یہ مہم ایک عظیم تحریک کی نمایندگی کرتی ہے جو قابض ریاست اور اس کے رہنما ؤں کے لیے بڑے چیلنج بنے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ جمعہ کے روز فلسطینی شہری نماز فجر ہی سے قبلہ اول میں حاضری کی کوشش کریں۔ دوسری جانب الخلیل شہر کے علاقے باب زاویہ پر قابض فوج کی چھاپے مارکارروائیوں اور تشدد سے 2صحافی زخمی ہوگئے۔ خبرساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر میں فلسطینی قیدیوں سے اظہارِ یکجہتی مارچ پر دھاوابول کر مظاہرین پر ربڑکی گولیوں اور آنسوگیس کا بے دریغ استعمال کیا، جس کے باعث کئی مظاہرین دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔ اس دوران ایک صحافی عبدالمحسن شلالدہ کو ہاتھ میں اورمصعب شاور کے پاؤں میں ربڑ کی گولی لگی،جس سے وہ بری طرح زخمی ہوگئے۔ دونوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ واضح رہے کہ الخلیل میں گزشتہ کئی دنوں سے فلسطینی قیدی احتجاج کر رہے ہیں،جس سے اظہارِ یکجہتی میں یہ مارچ کیا گیا تھا۔
The post حماس کی نفیر عام ، نماز جمعہ مسجد اقصیٰ میں ادا کی جائے appeared first on Daily Jasarat News.
