قمبر علی خان(نامہ نگار) نجی ٹی وی چینل کے سینئر پروڈیوسر کے قتل کے اہم ملزم کو پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے پر آئی جی پولیس سندھ نے ایس ایس پی ضلع قمبر شہدادکوٹ کو 23لاکھ روپے کا نقد انعام اور تعریفی اسناد سے نوازدیا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے صحافی اور نجی ٹی وی چینل کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین کے انتہائی اہم پروفائل قتل کیس کو ٹریس کرنے اور مسلح ڈاکوؤں کے گروہ کے سرغنہ اور سندھ وبلوچستان کے انتہائی خطرناک ڈاکو انو ر بروہی کو تین روز قبل قمبر سٹی
پولیس تھانے کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران ہلاک کرکے ان کے قبضے سے ایک مسروقہ اسکوٹراور اسلحہ برآمد کیاگیا تھا، اس سلسلے میں آئی جی پولیس سندھ مشتاق احمد مہر نے ایس ایس پی ضلع قمبر شہدادکوٹ بشیر احمد بروہی اور اس کی پولیس ٹیم کو مجموعی طور پر 23لاکھ روپے کا نقد انعام ، تعریفی اسناداور تمغہ شجاعت سے نوازا ہے، اس سلسلے میں ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ بشیر احمد بروہی نے کہاکہ سما ٹی وی سے وابستہ سینئر صحافی اطہر متین کے بہیمانہ قتل کے بعد اس اہم سنگین کیس کے مرکزی ملزم اورڈاکوؤں کے سرغنہ انوربروہی کو جدید ٹیکنالاجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرکے ٹریس کیا گیا اور بلوچستان کی طرف فرار ہوتے ہوئے اس کو قمبر سٹی پولیس حدود میں مقابلے میں ہلاک کرکے پولیس ٹیم نے جس جانفشانی کے ساتھ کاوشیں کیں وہ لائق تحسین ہیں اسی طرح کی کارروائیوں سے سندھ پولیس پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
