English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالنے والے حقوق مارچ کررہے ہیں،وزیر موحولیات

القمر

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ، محکمہ ماحولیات اور ساحلی ترقی محمد اسماعیل راہو نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے بدین جلسے کے خطاب پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدین کے عوام کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے سلیکٹڈ کے نام نہاد ٹولے کو مسترد کردیا ہے اور انہیں جلسہ کرنے کے لیے باہر سے لوگوں کو لانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقوق سندھ نہیں بلکہ حقوق سندھ ھڑپ ٹولہ ہے، یہ وہی ہیں جب دریائے سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالا گیا تو یہ لوگ چپ رہے تھے، پی ٹی آئی کے لوگ کالا باغ ڈیم بنانے کے خواہاں ہیں مگر ان کی زبانوں پر تالے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت صوبائی خودمختیاری ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے، لیکن ان لوگوں کی زبانیں بند ہیں، ان لوگوں کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی ہیں جنہوں نے سندھ کی گیس ہڑپ کی ہے، ان کے وفاقی وزراء کی وجہ سے
سندھ کے کسان کھاد کے لیے ترس گئے ہیں، انہوںنے سوائے مہنگائی کے ملک کو کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بدین سوکھا، بدین ڈوبا لیکن یہ لوگ کہیں ظاہر نہیں ہوئے جبکہ انکے منہ سے وفاقی کابینہ اور قومی اسمبلی میں کبھی سندھ کے حقوق کے لیے زبان سے ایک لفظ نہیںنکلتا۔اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں سندھ کے حقوق کی بات کرتے ہوئے انہیں سانپ سونگھ جاتا ہے، وہاں فقط وزارت یاد رہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں بیٹھے لوگ بتائیں کہ سندھ کی گیس،خودمختیاری، پانی، گریٹرتھل کینال،چوبارو کینال کے حوالے سے کابینہ یا قومی اسمبلی میں انہیں کبھی کچھ بولنے کی ہمت ہوئی؟ انہوں نے کہا کہ بدین کے عوام جانتے ہیں کہ نیازی حکومت نے سندھ کے حقوق اوراین ایف سی ایوارڈ پر ڈاکا ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل، پی آئی اے، نیشنل بینک ، سوئی سدرن گیس اور کئی وفاقی اداروں سے سندھ کے لوگوں کو ملازمتوں سے نکال کر بیروزگار کیا گیا، انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ نام نہاد حقوق مارچ کہاں گیا تھا جب لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے