کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں عوام کا جم غفیر شامل ہو رہا ہے اور لاکھوں کا مجمع چیئرمین بلاول بھٹو کا استقبال کرنے پہنچتا ہے۔ جو عوام کے ووٹ سے آیاہے اسکو عدم اعتماد کی حمایت کرنی ہوگی، لانگ مارچ کے اختتام تک سلیکٹڈ ٹولے کی تعداد کم رہ جائے گی، عوام کی رائے جلد از جلد عمران سے نجات دلانے کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج اسپورٹس کمپلیکس ککڑی گراؤنڈ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ میں لانگ مارچ میں ہوتا ہوں لیکن واپس اپنے کام کیلئے کراچی بھی آجاتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ میں نے اتنی پبلک کی موبلائزیشن دیکھی تو کبھی نہیں لیکن سنی بھی نہیں ہے۔27 فروری کو کراچی سے سفر کا آغاز کیا اور جہاں بھی جاتے ہیں وہاں ہزاروں کی تعداد میں عوام استقبال کرتے ہیں، اب لاکھوں کا مجمع ہوچکا جہاں سے قافلہ گزرتا ہے عوام شامل ہورہے ہیں۔ چیئرمین صاحب عوام کے پاس انکی رائے پوچھنے جا رہے ہیں اور تمام عوام کی یہی آواز ہے کہ جلد از جلد عمران خان سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ سلیکٹڈ حکومت نے جو مہنگائی کا طوفان عوام پر ڈالا ہے اسکا جلد از جلد خاتمہ کیا جائے۔ 8 تاریخ کو اسلام آباد پہنچیں گے‘ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں پرامید ہوں اور عوام کی بھی رائے یہی ہے جبکہ چیئرمین صاحب خود بھی عوام سے پوچھتے ہوئے جارہے ہیں جس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ جو ایم این ایز عوام کی طاقت سے جیتنا چاہتے ہیں وہ اپوزیشن کے عدم اعتماد تحریک کو سپورٹ کریں گے کیوں کہ عوام سے ووٹ لینا ہے تو آپ کو عدم اعتماد تحریک کو سپورٹ کرنا ہوگا۔ جو سلیکٹڈ ہیں وہ جہاں بھی ہوں بلکل نہیں مانیں گے ، چیئرمین صاحب کی جانب سے مارچ اختتام ہونے تک انکی تعداد بہت کم رہ جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ککڑی گراؤنڈ آیا ہوں یہاں یوتھ سینٹر کو کراچی نیبر ہوڈ امپروومنٹ پروجیکٹ کے ذریعے بحال کررہے ہیں، انٹرنیشنل معیار کے فٹبال گراؤنڈ کی تعمیر، کراٹے اور باکسنگ کلب کی عمارتوں کی بحالی، اور مجموعی کھیلوں کیلئے ایک عمارت کی تعمیر کی جارہی ہے۔ انشاء اللہ یہ عالمی معیار کے مطابق ہمارے نوجوانوں کیلئے ایک بہترین مرکز بنے گا۔ ورلڈ بینک کے پروگرام کلپ کے تحت مچھلی چوک سے کینپ تک 6 کلومیٹر سڑک کی تعمیر ہورہی ہے، وہاں کے کام کا جائزہ لینے گیا ، کام جاری ہے اور 30 جون سے پہلے کام مکمل ہوجائے گا۔ محکمہ بلدیات کے میگااسکیم کے تحت چار روڈ کی تعمیر ہو رہی ہے جس میں چاکیواڑہ ، شیر شاہ ، ٹینیری اور محراب روڈ شامل ہیں ان پر کام چل رہا ہے ۔
