لاہور: مسلم لیگ (ق) کے صدر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ حالات تیزی سے حکومت کے ہاتھ سے نکل رہے ہیں، تحریک انصاف کو بڑے سیاسی فیصلے لینے چاہیئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے صدر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سے حکومت پنجاب کے وزرا نے ملاقات کی، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے تحریک انصاف کو بڑے سیاسی فیصلے لینے کا مشورہ دیا ہے۔
پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حالات تیزی سے حکومت کے ہاتھ سے نکل رہے ہیں، اس وقت جو سیاسی حالات ہیں اس کا تقاضا ہے کہ حکومت آگے بڑھ کر پہلے فیصلہ کرے، جو پہلے فیصلہ لیتا ہے سیاست میں اس کو برتری حاصل ہوجاتی ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ لمحہ بہ لمحہ صورت حال تبدیل ہورہی ہے، اس صورتحال پر مشورہ بھی ہورہا ہے اور رابطے بھی ہورہے ہیں۔
