ملتان/ فیصل آباد ( جسارت نیوز) ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت ناردرن کو67 رنز سے شکست دے دی۔ 285 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم 43.2 اوورز میں 217 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ مبصر خان 65 اور روحیل نذیر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عامر یامین، خوشدل شاہ اور عمران رندھاوا نے دو ،دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے 48.1اوورز میں 284 رنز اسکور کیے تھے۔ سلمان علی آغا نے134 گیندوں پر 18 چوکوں اور 6 چھکوں کی بدولت 171 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے 180 رنز کا ہدف 36.3اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر عمران بٹ نے 9 چوکوں کی بدولت 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس سے قبل قاسم اکرم کے 63 رنز کے باوجود سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 37.5 اوورز میں 179 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ عاکف جاوید اور یاسر شاہ نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔