مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مقبوضہ بیت المقدس میں چاقو حملے میں 2اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق عبدالرحمن جمال قاسم نامی نوجوان نے جان کی پروا کیے بغیر مسجد اقصیٰ کے قریب تعینات اہل کاروں پر دھاوا بول دیا۔ واقعہ مسجد اقصی کے قریب قطانین بازار میں پیش آیااور بدحواس اسرائیلی فوج نے حملہ آور کو گولیاں مار کر شہید کردیا ۔ شہید ہون والے نوجوان کا تعلق شمالی رام اللہ کے علاقے جفنا میں قائم جلزون کیمپ سے ہے۔ وہ 2روز میں اسرائیلی دہشت گردی میں شہید ہونے والا تیسرا فلسطینی ہے۔ فلسطینی نوجوان کی شہادت کی خبر ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد شہید کے لواحقین کے گھر پہنچ گئی۔ اس موقع پر حماس اور دیگر تنظیموں نے شہید فلسطینی نوجوان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔دوسری جانب فلسطین کی چرچ کونسل نے کہا ہے کہ عبادت گاہوں پر حملے اسرائیل کی منظم نسل پرستی ہے۔ عالمی برادری فلسطین میں اسلامی اور عیسائی مقدسات کی خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ادھر فلسطینی اتھارٹی کے عہدے دار قابض صہیونی ریاست کے حکام کے ساتھ تعلقات بڑھانے میں مصروف ہیں۔ عبرانی اخباریدیعوت احرونوت کے مطابق پیر کے روز رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے عہدے دار حسین الشیخ نے اسرائیلی خاتوناہل کار سے ملاقات کی تھی۔
