کراچی(اسٹاف رپورٹر) آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کی بے جان وکٹ کے بعد اب ہم چاہتے ہیں کہ کراچی میں بہتر وکٹ بنائی جائے، پہلی مرتبہ پاکستان آیا ہوں، کوشش کر رہا ہوں اپنی موجودگی سے فینز کو انٹرٹین کروں،کراچی میں میچ سے قبل کنڈیشن کا جائزہ لیں گے،24برس کے بعد پاکستان کا دورہ خوش آئند اور کرکٹ کی کامیابی ہے، پی ایس ایل ہوتا ہے تو میں ان دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوتا ہوں، اس لیے ایک اچھی لیگ میں شرکت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ راولپنڈی کی وکٹ بے جان تھی لیکن کراچی میں میچ سے قبل کنڈیشن کا جائزہ لیں گے اور کراچی ٹیسٹ میں کتنے اسپینرز کھیلیں گے اس کا مجھے علم نہیں ہے، ہم ایسا میچ چاہتے ہیں جس میں بولرز کے لیے بھی مواقع ہوں۔ایک سوال کے جواب میں وارنر کا کہنا تھا کہ ابھی ہم نے کراچی میں وکٹ نہیں دیکھی، وکٹ دیکھ کر فائنل الیون کا فیصلہ کریں گے، بطور بیٹر تو میں ہر میچ میں سنچری بنانے کا خواہشمند ہوتا ہوں، امید ہے کراچی میں وکٹ ایسی ہوگی جس سے فینز کو اچھی کرکٹ دیکھنے کوملے گی۔ اوپنر بلے باز نے کہا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے اب تک سب کچھ مثبت ہے اور یہاں بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں، پنڈی میں تماشائیوں نے بھی ہمیں سپورٹ کیا، اسلام آباد کے بارے میں یہ کہوں گا کہ کافی خوبصورت جگہ ہے۔ کھیل کے دوران لطف اندوز ہونا چاہیے، تماشائی کھیل کا سب سے اہم حصہ ہیں اس لیے ان کے ساتھ انجوائے کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 24برس کے بعد پاکستان کا دورہ خوش آئند اور کرکٹ کی کامیابی ہے، پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا نے اس دورے کو ممکن بنانے کے لیے بہت کام کیا، اس دورے کے انعقاد کا کریڈیٹ بہت سے لوگوں کو جاتا ہے۔ڈیوڈ اورنر نے کہا کہ میں اسپن بولنگ پر راج کرنے والے اپنے ہم وطن آنجہانی شین وارن جیسا بننا چاہتا تھا، وہ ایک پائے کے کھلاڑی تھے ۔
