اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلم لیگ(ق)کے وفد کی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں سے ملاقات ہوئی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مسلم لیگ (ق) کا وفد پارلیمنٹ لاجز میں امین الحق کی رہائش گاہ پر
پہنچا۔وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے( ق) لیگ کے وفد کا استقبال کیا۔(ق) لیگ کے وفد میں مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ شامل تھے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق مشاورت کی گئی۔اتحادیوں نے تمام معاملات میں ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے پر اتفاق بھی کیا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات کے دوران اتحادیوں نے اتفاق کیا کہ ہمیں اپنے سیاسی فیصلے سوچ سمجھ کر کرنے چاہییں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو میں کہا گیا کہ حکومت کے اپنے ہی ارکان اس سے نالاں ہیں ۔ذرائع کے مطابق(ق) لیگی رہنمائوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اپنے ارکان کو ابھی تک راضی نہیں کیا گیا، حکومت کو تاخیر سے فیصلے کرنے سے نقصان ہو رہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے وفد نے (ق) لیگی رہنمائوں کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ (ق) لیگی رہنمائوں سے گفتگو کے دوران ایم کیوایم کے رہنمائوں کا موقف تھا کہ بطور اتحادی ہم سے کیے گئے وعدے آج تک پورے نہیں کیے گئے ۔ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے کہا کہ ہم نے تمام تر تحفظات کے باوجود حکومت کا ہر موقع پر ساتھ دیا ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ اپوزیشن کے دعوے سچ ثابت ہو گئے تو اتحادیوں کو بھی منہ کی کھانی پڑے گی۔اتحادیوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی تحریک کی کامیابی کا انحصار حکومت کے ناراض ارکان پر ہے۔
