English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تحریک عدم اعتماد سے ایک دن قبل ڈی چوک پر انسانوں کا سمندر ہوگا،عمران خان

القمر
لوئر دیر: وزیراعظم عمران خان جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں

لوئر دیر (صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سے ایک دن قبل ڈی چوک پر انسانوں کا سمندر ہوگا۔لوئر دیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی میری آرمی چیف جنرل باجوہ سے بات ہورہی تھی، مجھے جنرل باجوہ نے کہا کہ عمران فضل الرحمن کو ڈیزل نہیں کہنا،میں نے کہا کہ جنرل باجوہ میں نہیں کہہ رہا لیکن عوام نے ان کا نام ڈیزل رکھ دیاہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا صرف خوددار قوم کی عزت کرتی ہے، وہ قوم جو اپنی عزت نہیں کرتی، دنیا اس کی عزت نہیں کرتی، میں نے جب سے سیاست شروع کی یہی کہا کہ ہم پاکستان کو ایک خوددار قوم بنائیں گے۔عمران خان نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں30سے35سال سے ملک پر حکومت کر رہے ہیں، اگر آج ہمارے سبز پاسپورٹ کی دنیا میں عزت نہیں تو یہ ان تینوں کی وجہ سے ہے کیونکہ انہوں نے ہمارے ملک کو مقروض کیا اور بڑی بڑی عالمی طاقتوں کے سامنے جھکے،ملک کی بدقسمتی ہے ان چوروں نے 35سال حکمرانی کرکے اچھے اور برے کی تمیز ہی ختم کردی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی ڈیزل نے کہا کہ ہم اقتدار میں آ کر ادارے ٹھیک کریں گے مطلب ہم فوج کو ٹھیک کریں گے، آج اگر پاکستان بچا ہوا ہے تو اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہمارے پاس ایک مضبوط فوج ہے، اس کے پیچھے یہ پڑے ہوئے ہیں، ڈیزل نے کہا ہے کہ ہم ادارے ٹھیک کریں گے، آپ تینوں نے جس ادارے کو ہاتھ لگایا ہے تو آپ نے سارے ادارے تباہ کردیے ہیں، عدالتوں پر حملہ کیا، ججز کو خریدا، ڈنڈوں سے عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کو بھگایا، ٹیلیفون کال کر کے ججوں سے فیصلے لیے، میڈیا میں لفافہ صحافت شروع کی اور رشوت دی۔وزیر اعظم نے کہا نواز شریف امریکی صدر کے ساتھ بیٹھا تھا ہاتھ میں پرچی پکڑی ہوئی تھی، نواز شریف کے ہاتھ میں پرچی اور کانپیں ٹانگ رہی ہیں، نواز شریف اتنا گھبرایا ہوا بیٹھا ہے کہ اس کے آقا ناراض نہ ہو جائے، مجھے یہ بھی بولا گیا کہ اس کو بھگوڑا نہ بولو۔ عمران خان نے کہا بلاول بچے کی کیا بات کروں، اتنا پیسہ خرچ کر کے اسلام آباد آیا، لوگوں نے کہا بلاول کا کیا پیغام ہے ؟جواب ملا کانپیں ٹانگ رہی ہیں، جب اس طرح کا لیڈر بنتا ہے تو پھر اسی طرح کانپیں ٹانگتی ہیں، جب تک یہ سیاست چھوڑے گا تو پانی آتا ہے، چینی اگتی ہے اور اس طرح کے جملے مشہور ہوچکے ہوں گے۔وزیراعظمنے نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ انہوں نے چھانگا مانگا کی سیاست شروع کی، سیاستدانوں کی قیمتیں لگائیں ، اس آدمی نے لفافہ صحافت شروع کی، آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کو بی ایم ڈبلیو گاڑی سے رشوت دینے کی کوشش کی تو وہ آج فوج کو ٹھیک کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کشمیریوں پر ظلم کرنے والے نریندر مودی کو شادی پر بلایا تو کیا یہ فوج ٹھیک کریں گے یا وہ ڈیزل جس نے امریکی سفیر کے پاس بیٹھ کر کہا کہ میں آپ کی خدمت کرنے کے لیے تیار ہوں مجھے بھی ایک موقع دے دیں یا وہ آصف زرداری پاکستانی فوج کو ٹھیک کرے گا جو میموگیٹ میں امریکیوں کو خط لکھتا ہے کہ مجھے اپنی فوج سے بچا لو، کیا وہ فوج کو ٹھیک کرے گا۔ عمران خان نے کہا کہ کیا شہباز شریف فوج کو ٹھیک کرے گا جو یہ کہتا ہے کہ عمران خان نے بہت غلط کیا کہ یورپی یونین کی مذمت کی، یہ بھی ٹائی سوٹ پہن کر ان سے کہتا ہے کہ مجھے موقع دیں، میں آپ کی بڑی اچھی خدمت کروں گا۔اپوزیشن کی تحریک عدم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تین چوہے میرا شکار کرنے نکلیں ہے جو خود شکار ہوجائیں گے، ایک ان سوئنگ یارکرسے 3وکٹیں گراوں گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کا باپ ہوتا ہے، آپ کو عظیم قوم بنانا میرا فرض ہے، نہ میں کبھی کسی کے سامنے جھکا اور نہ آپ کو جھکنے دوں گا۔عمران خان نے مزید کہا کہ اللہ نے ہمیں اجازت ہی نہیں دی کہ ہم نیوٹرل ہوجائیں، جانور نیوٹرل ہوتا ہے، جانور میں اچھے برے کی تمیز نہیں ہوتی، انسان اچھائی کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے