English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی کی وکٹ بلے بازوں کی جنت ، آسٹریلیا 251رنز پر محض 3وکٹیں گریں

القمر
کراچی:آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ سنچری مکمل کرنے کے بعد ہوا میں بلا لہرارہے ہیں

کراچی(سید وزیر علی قادری)پنڈی کی طرح کراچی کی وکٹ بھی بیٹرز کیلئے جنت ،آسٹریلوی بیٹرز نے شاندار بلے باز کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 3وکٹوں کے نقصان پر251رنز بنا لئے۔اوپننگ بیٹر عثمان خواجہ127رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر36اور سٹیو سمتھ72رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،پاکستانی بولرز وکٹ کیلئے ترستے رہے،پہلے روز فہیم اشرف اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک کھلاڑی رن آئوٹ ہوا۔ہفتہ کوکراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اس سے قبل ٹاس کے موقع پر آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ یہ ایک اچھی وکٹ لگ رہی ہے اور ہم بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، ہم نے اپنی ٹیم میں مچل سویپسن کو شامل کیا ہے۔پاکستان کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ یہ کراچی کی روایتی وکٹ ہے جس پر بعد میں اسپنرز کو مدد ملے گی۔میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور افتخار احمد اور نسیم شاہ کی جگہ فہیم اشرف اور حسن علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ۔ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان) عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، ساجد خان، نعمان علی شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم میں پیٹ کمنز(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن، جوش ہیزل وڈ اور مچل سویپسن شامل ہیں۔آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ناصرف نصف سنچری شراکت قائم کی بلکہ اچھے رن ریٹ کو برقرار رکھتے ہوئے ا سکور کرتے رہے۔دونوں کھلاڑیوں نے 82رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی اسکور پر فہیم اشرف کی ایک گیند کو ڈیوڈ وارنر سمجھ نہ سکے اور گیند 36رنز بنانے والے کھلاڑی کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں محفوظ ہو گئی۔تاہم آسٹریلیا کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب ایک غیرضروری رنز لینے کی کوشش میں مارنس لبوشین، ساجد خان کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آئوٹ ہو گئے۔دوسرے اینڈ سے عثمان خواجہ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے لگاتار دوسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔کھانے کے وقفے کے بعد بھی اسٹیو اسمتھ اور عثمان نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور دوسرے سیشن میں پاکستانی بالرز وکٹ سے محروم رکھا۔جب میچ کے پہلے دن چائے کا وقفہ ہوا تو آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 172رنز بنائے تھے۔ پہلے روز کے آخری سیشن اوپنر عثمان خواجہ نے اپنی سنچری اسکور کی۔عثمان خواجہ اور ا سٹیو اسمتھ نے تیسری وکٹ کیلئے159کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا سکور250تک پہنچا دیا ۔پہلے روز کا کھیل ختم ہونے سے ایک اوور قبل اسٹیو اسمتھ حسن علی کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے انہوں نے 72رنز بنائے۔پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے90اوورز میں3وکٹوں کے نقصان پر 251 بنا لئے تھے۔اوپنر عثمان خواجہ 127جبکہ ناتھن لیوئن بغیر کوئی رنز بنائے وکٹ پر موجود تھے۔پہلے روز فہیم اشرف اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے