مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کے داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے شن بیت کے سربراہ نے خبر دار کیا ہے کہ رمضان کے دوران فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے خلاف تصادم اور مزاحمت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ عبرانی ذرائع ابلاغ نے بتایا اسرائیلی داخلی سلامتی سروس شن بیت کے سربراہ رونن بار نے اپریل میں ماہ رمضان کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپوں کے امکان سے خبردار کیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق وہ کئی دنوں تک جاری رہنے والے دورے کے بعد اتوار کی صبح واشنگٹن سے واپس آئے۔انہوں نے امریکا کے دورے کے دوران اپنے امریکی ہم منصب، امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ سیکورٹی سے متعلق کی مختلف فائلوں پر تبادلہ خیال کیا۔عبرانی وائی نیٹ ویب سائٹ کے مطابق ماہ مقدس کے دوران مسلمانوں کے مذہبی جذبات عروج پر ہوتے ہیں اور اس موقع پر ان پر معمولی جارحیت بھی بڑی مزاحمت میں تبدیل ہوجائے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس رمضان المبارک کے دوران اسرائیل نے شیخ جراح پر قبضے کے لیے مہم شرو ع کی تھی۔ صہیونی فوج نے نماز تراویح کے دوران نمازیوں پر شیلنگ کی تھی،جس کے ردعمل میں غزہ سے حماس نے راکٹ باری کرکے بھرپورمزاحمت شروع کی تھی۔
The post رمضان المبارک میں سخت مزاحمت کا خطرہ ہے ، اسرائیلی حکام appeared first on Daily Jasarat News.