راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان کی فوجی قیادت نے دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں بھارتی میزائل فائر کرنے کے واقعہ کا نوٹس لے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔اس دوران اہم عالمی، علاقائی پیشرفت، ملک میں داخلی سلامتی کی صورتحال ، مغربی سرحدوں پر پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارت کی طرف سے خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں گرنے والے میزائل کے حالیہ واقعہ کو حادثاتی قرار دینے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کا تفصیلی جائزہ لیا۔شرکاء کے مطابق بھارتی میزائل سے بڑی تباہی ہو سکتی تھی، غلطی کے بھارتی اعتراف کے باوجود متعلقہ بین الاقوامی فورمز کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے، عالمی فورمز کوبھارتی ہتھیاروں کی سیکورٹی پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیے، ایسے خطرناک واقعات خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ جنرل باجوہ نے ہدایت کی کہ او آئی سی اجلاس اوریوم پاکستان پریڈ کے پر امن انعقاد کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔آرمی چیف نے فارمیشنوں کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور مشن پر مبنی تربیت پر زور دیا۔