English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت :انتہا پسند ہندوئوں کا مزید ریاستوں میں حجاب پر پابندی کا مطالبہ

القمر

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)ریاست کرناٹک میں عدالت کی جانب سے اسکارف پر پابندی کو برقرار رکھنے کے بعد سخت گیر ہندو گروہ مزید ہندو ریاستوں میں حجاب پہننے پر پابندی کا مطالبہ کر نے لگے ہیں، انتہا پسندوں کے اس مطالبے پر ان مسلمان طلبہ کو تشویش ہے جنہوں نے حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی خبر کے مطابق بھارت میں یونیفارم کے بارے میں قومی سطح پر کوئی واضح اصول اور ہدایات نہیں ہیں اور ریاستیں اکثر یہ فیصلہ کرنے کا اختیار اسکولوں پر چھوڑ دیتی ہیں کہ ان کے طلبہ کو کیا پہننا چاہیے۔ہندو فرسٹ گروپ اکھیل بھارت ہندو مہاسبھا کے صدر رشی ترویدی کا کہنا ہے کہ ہم ایک ہندو قوم ہیں اور ہم ملک کے تعلیمی اداروں میں کسی بھی قسم کا مذہبی لباس نہیں دیکھنا چاہتے، ہم عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں ایک ہی اصول پر عمل کیا جائے۔بی جے پی کے زیر اقتدار کرناٹک میں پابندی پر کچھ مسلم طلبہ اور والدین نے احتجاج کیا تھا جس کے جواب میں ہندو طلبہ نے جوابی مظاہرے کیے، پابندی کے ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ مسلم کمیونٹی کو دبانے کا ایک اور طریقہ ہے جو ہندو اکثریتی بھارت کی ایک ارب 35 کروڑ آبادی کا تقریباً 13 فیصد ہے۔وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی ) جو کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے منسلک ہے، جو بی جے پی کی بنیادی تنظیم ہے، اس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مودی کی آبائی ریاست گجرات میں حجاب پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے اور وہ جلد ہی ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست، اتر پردیش کی حکومت کو بھی اس سلسلے میں خط لکھیں گے، بی جے پی دونوں ریاستوں میں برسراقتدار ہے۔وی ایچ پی گجرات کے سیکرٹری اشوک راول کا کہنا ہے کہ دفاعی فورسز، پولیس اور سرکاری دفاتر میں حجاب کی اجازت نہیں ہے تو پھر اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پر اصرار کیوں کیا جا رہا ہے؟ یہ برادریوں کے درمیان کشیدگی کو بڑھانے کی کوشش ہے۔عائشہ حاجرہ الماس جنہوں نے کرناٹک کی پابندی کو عدالت میں چیلنج کیا تھا اور اب وہ پابندی کو ختم کرنے کے لیے ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سے رجوع کرنے پر غور کر رہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اصل خدشہ یہ ہے کہ حجاب پر پابندی اب قومی سطح پر ہو جائے گی۔18 سالہ لڑکی نے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دسمبر کے اواخر سے اس وقت سے اسکول نہیں گئی جب انتظامیہ نے مسلم لڑکیوں کو حجاب پہننے سے روک دیا تھا، یہ وہ وقت تھا جب فروری کے اوائل میں ریاست بھر میں پابندی نہیں لگی تھی۔کرناٹک کے اڈوپی ضلع جہاں سے پابندی عائد کیے جانے کے خلاف احتجاج شروع ہوا تھا وہاں سے عائشہ حاجرہ الماس کا کہنا ہے کہ ہم شدت سے محسوس کر رہے ہیں کہ ہم ایک ایسے بھارت میں رہ رہے ہیں جہاں اس کے شہریوں کے ساتھ مساوی سلوک نہیں کیا جاتا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے لیے لڑ رہی ہوں، اپنی بہنوں کے لیے لڑ رہی ہوں، اپنے مذہب کے لیے لڑ رہی ہوں، مجھے ڈر ہے کہ پورے ملک میں اس طرح کی تبدیلیاں عائد کی جائیں گی لیکن مجھے امید ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔

The post بھارت :انتہا پسند ہندوئوں کا مزید ریاستوں میں حجاب پر پابندی کا مطالبہ appeared first on Daily Jasarat News.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے