واشنگٹن (اے پی پی) امریکا میں افغانستان کا سفارت خانہ اور2قونصل خانے 23 مارچ سے بند کر دیے جائیں گے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا کے افغانستان میں سابق سفیر اور امریکن اکیڈمی آف ڈپلومیسی کے صدر رونلڈ نیومین نے میڈیا کو بتایا کہ امریکی محکمہ خارجہ کے حکام نے پیر کوافغان سفارت کاروں سے ملاقات کر کے انہیں 3افغان سفارتی دفاتر کو بند کیے جانے کے بارے مطلع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شٹ ڈائون کے اس منصوبے کے تحت امریکی محکمہ خارجہ کا فارن مشنز کا آفس واشنگٹن کے سفارت خانے اور نیویارک اور لاس اینجلس کے قونصل خانوں کا انتظام سنبھالے گا جس میں ان عمارتوں کی حفاظت اور دیکھ بھال شامل ہیں۔ 2 افغان سفارت کاروں کے مطابق افغانستان کا قومی پرچم جسے طالبان نے اپنے سفید جھنڈے سے تبدیل کر دیا ہے، افغان سفارتی عمارتوں پر لہراتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مہینوں سے ان مشنز کے مستقبل کے بارے میں انتظامی اور سفارتی طور پر گفتگو جاری تھی ان مشنز میں موجود 100 کے قریب افغان سفارتی عملے کے ارکان میں سے اکثر نے یا تو امریکا میں سیاسی پناہ کی درخواستیں دے رکھی ہیں یا بہت سے لوگ کینیڈا منتقل ہو چکے ہیں۔
The post امر یکا میں افغان سفارتخانہ اور قونصل خانے بند کرنے کا اعلان appeared first on Daily Jasarat News.
