کراچی(اسٹاف رپورٹر)کپتان بابر اعظم سمیت پاکستانی بلے بازوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی سے تاریخ رقم کرنے کے ساتھ ساتھ نت نئے ریکارڈز بھی قائم کردیے۔ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم اور نوجوان عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیل سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔پاکستان نے ایک واضح شکست کو ٹال دیا وہیں شاندار کھیل سے بابر اعظم اور قومی ٹیم نے نت نئے ریکارڈز بھی قائم کردیے۔بابراعظم 196رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی اننگز میں دنیا کے کسی بھی کپتان سب سے بڑی اننگز ہے۔اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی کپتان کی جانب سے چوتھی اننگز میں سب سے بڑی باری انگلینڈ کے سابق قائد مائیکل ایتھرٹن نے کھیلی تھی جنہوں نے 1995میں جنوبی افریقا کے خلاف 185رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔اس کے علاوہ یہ کسی بھی پاکستانی بلے باز کی بھی چوتھی اننگز میں سب سے بڑی اننگز ہے، اس سے قبل یہ اعزاز یونس خان کے پاس تھا جنہوں نے 2015میں پالے کیلی میں ناقابل شکست 171رنز کی اننگز کھیلی تھی۔اس کے علاوہ قومی ٹیم کے کپتان چوتھی اننگز میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔بابراعظم اپنی اننگز میں 425گیندیں کھیلیں اور اس طرح وہ کسی بھی میچ کی چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
