ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مجھ سمیت 3وفاقی وزرا پی ٹی آئی چھوڑ چکے، رمیش کمار۔24 ارکان سندھ ہائوس میں ہیں ، راجا ریاض

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے باغی رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے کہاہے کہ مجھ سمیت 3وفاقی وزرا پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں۔ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے33 لوگ مختلف پارٹیوں سے معاملات طے کرچکے ہیں، ان 33 لوگوں میں پی ٹی آئی کے3 وزرا بھی شامل ہیں، سندھ ہاؤس میں آج پی ٹی آئی کے24 ارکان موجود تھے۔رمیش کمار نے کہاکہپاکستان اس نہج پر آگیا ہے کہ تنہا اور معاشی طور پر پیچھے ہوگیا ہے، وزیراعظم ایوان کا اعتماد کھوچکے، بہتر ہوگا کہ استعفا دے دیں اور نیا وزیر اعظم او آئی سی اجلاس میں قیادت کرے۔قبل ازیں نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنما راجا ریاض کا کہنا تھا کہ ہم کہیں غائب نہیں ہوئے اسلام آباد میں ہی موجود ہیں، پارلیمنٹ لاجز میں ہمارے ایم این ایز پر حملہ ہوا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد تھانے لے جایا گیا، پوری قوم کو پتا ہے پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کرایا گیا، اور اسی حملے کی وجہ سے ہم سندھ ہاؤس آئے ہیں، اور ہم 24 ایم این ایز سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔راجا ریاض نے کہاکہ ہم تحریک انصاف میں ہیں لیکن عمران خان سے اختلافات ہیں، پی ٹی آئی کو نااہل مشیروں کے باعث آج کی صورتحال کا سامنا ہے، پی ٹی آئی کی یہ شہر ت مناسب نہیں کہ اس کے رہنما گالم گلوچ پریقین رکھتے ہیں، ضمیر کے مطابق فیصلے کریں گے اور ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو یقین نہیں کہ ہمارے پاس 24 ایم این ایز ہیں تو حکومت کو چیلنج کرتا ہوں پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلائیں پھر دیکھ لیں کہ کون کس کو ووٹ دیتا ہے، میں عمران خان سے کہتا ہوں کہ ریاست مدینہ میں کسی پر جھوٹے الزامات نہیں لگائے جاتے تھے، ہم کسی سے پیسے لے کر فیصلہ کرنے کے پابند نہیں، آپ دیکھیں گے کہ آپ کے ساتھ وہی چند لوگ رہ جائیں گے جن کو کوئی بھی پارٹی لینا قبول نہیں کرے گی، وزیراعظم سے اپیل ہے کہ مہنگائی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں