English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جاوید میانداد پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے

القمر
چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین جاوید میانداد کو پلاک پیش کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نے جاوید میانداد کو پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر اعزازی ٹوپی اور پلاک پیش کی۔اس سے قبل وسیم اکرم ،فضل محمود اور ظہیر عباس بھی پی سی بی ہال آف فیم کا باضابطہ حصہ بن چکے ہیں ۔ جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ایک کرکٹر پاکستان کرکٹ کے معاملات کی سربراہی سنبھالتا ہے تو ایسے خوش آئند فیصلے کیے جاتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ایک کھلاڑی کتنی قربانیاں دے کر اس مقام تک پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ میدان میں اترتے تھے تو وہ ٹیم اور اپنے ملک کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کیا کرتے تھے۔ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے سخت محنت کیا کرتے تھے۔جاوید میانداد نے کہا کہ وہ اپنے کیرئیر کی ہر اچھی اننگز کو ماضی میں چھوڑ کر مستقبل پر نظر جمایا کرتے تھے۔ ان کی کوشش ہوتی تھی کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر اگلے میچ میں بہترین کارکردگی پیش کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں اپنے دور میں بہترین کھلاڑیوں کا ساتھ نصیب ہوا ، جنہوں نے ہمیشہ ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی، وہ کیرئیر میں بھرپور حوصلہ افزائی کرنے پر پاکستانی عوام کے بھی مشکور ہیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کاکہناہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے، وہ جاوید میانداد کو باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ ان کی کرکٹ کے لیے بے پناہ خدمات کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ جاوید میانداد جب بیٹنگ کے لیے میدان میں اترتے تھے تو کچھ بھی ناممکن نہیں رہتا تھا۔ جاوید میانداد کے مداح ان کی بہت عزت اور تعریف کرتے ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے