اوباڑو( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت اور متحدہ اپوزیشن کے درمیان باہمی مفادات کے تحفظ اور اقتدار کے حصول کی جنگ نے ملک اور قوم کے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اپوزیشن کی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئینی اور قانونی مسئلہ ہے جس پر چوک و چوراہوں کے بجائے صرف پارلیمنٹ میں آئین و قانون کے مطابق عمل درآمد ہونا چاہئے۔لوٹ مار و لوٹا کریسی کی سیاست نے عالم اقوام میں ملک وقوم کی عزت اور وقار کا جنازہ نکال دیا اور گمبھیر مسائل میں گھرے ملک کی مشکلات میں مزید شدید اضافہ کیا ہے۔اپوزیشن اورحکومت دونوں آزمائے ہوئے ہیں۔ترازو کی کامیابی ہی نظام عدل کی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مدرسہ مدینہ العلوم اوباڑو میں منعقدہ اجتماع ارکان و کارکنان سے خطاب اور ڈھرکی الخدمت فاؤنڈیشن ہسپتال ڈھرکی کا دورہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ افراتفری ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ‘اپوزیشن وموجودہ حکومت دونوں آزمائے ہوئے ہیں،ملکی معیشت ڈوب رہی ہے ،باربار ٹیکسوں کی بھرمار سے مہنگائی میں اضافہ اورعوام پرمعاشی بوجھ بڑھ رہا ہے۔ترازو کی کامیابی ہی نظام عدل کی کامیابی ہے۔ عوام نے ہمیں موقع دیا توان کو دہلیز پرانصاف دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوباڑو میں منعقدہ اجتماع ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی،امیرضلع گھوٹکی تشکیل احمد ،جے آئی یوتھ سندھ کے صدر محمد حسن کھوسہ،مولانا یوسف مزاری اورڈاکٹر عبدالرزاق کھوسہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ قوم اقامت دین کی جدوجہد اورملک میں مثبت تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ،اسلام کا معاشی عدالتی اور سیاسی نظام کو بھرپور طریقے سے نافذکریں گے۔آج حق کے غلبے کی خاطر باطل نظام سے ٹکرانے کی ضرورت ہے۔صوبائی امیرنے ارکان جماعت پرزور دیتے ہوئے کہاکہ نہ صرف اپنی ذات بلکہ پوری دنیا میں اسلامی نظام قائم کرناہی ہماری زندگی کا نصب العین ہونا چاہیے۔
