کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ مشتاق مہر نے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے پولیس اہلکاروں کی اہم عہدوں پر تعیناتی پر پابندی لگادی، تمام زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی آئی جی ٹریفک اور ایس ایس پیز ٹریفک کو سخت احکامات جاری کردیے گئے۔ حکم نامے کے مطابق مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد فیلڈ پوسٹنگ میں ایس ایچ او، چوکی انچارج، ٹریفک ایس او اور شعبہ تفتیش میں ایس آئی او نہیں لگائے جاسکیں گے۔ آئی جی سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ زونل و ضلعی افسران ایسے کریمنل/ پیچی ریکارڈ افسران کو تعینات کردیتے ہیں، کریمنل/ پیچی ریکارڈ کے حامل افسران کی تعیناتی محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے، اب ایسے کسی افسر کو فیلڈ میں تعینات نہیں کیا جائے گا۔ مذکورہ افسران اہم تعیناتی کے بعد جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرتے ہیں جوکہ محکمے کی بدنامی کا باعث ہے۔