ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

لاہور ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلے روز 5 وکٹوں پر 232 رنز بنا لیے

لاہور: پاکستان آسٹریلیا کے درمیان تیسرے اورآخری ٹیسٹ کے پہلے روز شائقین دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے،دوسری تصویر میں مہمان بلے باز شاٹ کھیلتے ہوئے

لاہور(سید وزیر علی قادری)قذافی اسٹیڈیم لاہور میں13سال کے طویل عرصے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں لوٹ آئیں۔شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کی عمدہ بولنگ کے باعث آسٹریلیا کے 232رنز پر5 اہم کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔عثمان خواجہ ایک بار پر نروس نانٹیز کا شکار ہو گئے اور91رنز پر آئوٹ ہو گئے جبکہ اسٹیوا سمتھ59 اور ٹریوس ہیڈ26رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔پہلے روز کا کھیل ختم ہوا توکیمرون گرین 20اور ایلکس کیرے8رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔پاکستان کی جانب سے پہلے روز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 2،2اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔پیر کولاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس کا سکا اپنی ٹیم کے حق میں پلٹنے کے بعد پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا،آخری ٹیسٹ میں پاکستانی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی اور فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ پاکستانی اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں جبکہ آسٹریلوی ٹیم میں پیٹ کمنز (کپتان) ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور مچل سویپسن شامل ہیں۔آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو اننگز کے تیسرے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند وکٹوں کے عین سامنے ڈیوڈ وارنر کے پیڈ پر لگی اور وہ آئوٹ قرار دیے گئے۔ابھی آسٹریلین ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ایک گیند بعد ہی مارنس لبوشین کھاتا کھولے بغیر ہی شاہین کی دوسری وکٹ بن گئے۔8رنز پر دو اہم وکٹیں گرنے کے بعد عثمان خواجہ کا ساتھ دینے اسٹیو اسمتھ آئے اور دونوں نے بتدریج اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔اسکور 41تک پہنچا ہی تھا کہ نعمان علی کو بولنگ کے لیے لایا گیا اور ان کی دوسری گیند پر گیند عثمان خواجہ کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی سلپ میں کھڑے بابر اعظم کے پاس گئی لیکن وہ کیچ نہ تھام سکے۔اگلی ہی گیند پر پاکستان کو ایک اور وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن اس مرتبہ نعمان اپنی ہی گیند پر اسمتھ کا کیچ نہ لے سکے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر سامنا کیا اور تیسری وکٹ کیلئے 138رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ۔تاہم چائے کے وقفے کے فورا بعد نسیم شاہ نے قومی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے اسمتھ کو چلتا کردیا جنہوں نے آئوٹ ہونے سے قبل 169گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 59رنز بنائے۔آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 187رنز پر گری جب عثمان خواجہ 91رنز پر پویلین لوٹ گئے،انہیں ساجد خان نے کیچ آئوٹ کیا۔پہلے روز آسٹریلیا کے پانچویں اور آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی ٹریوس ہیڈتھے جو 206 رنز کے مجموعی اسکور پر26رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آئوٹ ہو گئے۔پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے5وکٹوں کے نقصان پر 232رنز بنا لئے ہیں جبکہ کیمرون گرین 20اور ایلکس کیرے8رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے پہلے روز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 2،2اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں