لاہور(سید وزیر علی قادری)لاہور ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں کیمرون گرین79،ایلکس کیرے 67، عثمان خواجہ 91،سٹیو سمتھ59رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 4، 4،نعمان علی اور ساجد خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 90رنز بنا لیے ہیں ۔عبداللہ شفیق 45جبکہ اظہر علی30رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔پاکستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلیے مزید301رنز درکار ہیں اور اسکی9وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ منگل کولاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے 232رنز5 کھلاڑی آئوٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی ۔ ایلکس کیری اور کیمرون گرین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا اور پہلے سیشن میں پاکستانی بالرز کو وکٹ سے محروم رکھا۔دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 135رنز کی ساجھے داری قائم کرکے آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم کردی جبکہ اس دوران دونوں نے نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔پاکستان کو چھٹی وکٹ اس وقت ملی جب ایلکس کیری 65رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔کیمرون گرین نے بھی 79رنز کی اننگز کھیلی لیکن نسیم شاہ نے ان کی وکٹیں بکھیر کر تیسری وکٹ حاصل کی، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 13رنز بنانے والے مچل اسٹارک کو چلتا کردیا۔نسیم نے بہترین بولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نیتھن لائن کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جبکہ شاہین کو لگاتار دو چھکے لگانے کے بعد مچل سویپسن بھی چلتے بنے۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم 391رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین نے 4، 4وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی اور ساجد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا۔پاکستان کا آغاز بھی مایوس کن ہوا جب20رنز کے مجموعی سکور پر پاکستانی اوپنر امام الحق 11رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔نئے آنے والے تجربہ کار بلے باز اظہر علی نے نوجوان اوپنر عبداللہ شفیق کیساتھ عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک مزید کوئی پاکستانی وکٹ گرنے نہ دی ۔دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 90رنز بنا لئے ہیں ۔عبداللہ شفیق 45جبکہ اظہر علی30رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔پاکستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید301رنز درکار ہیں۔
