English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لعل شہباز قلندر کا عرس 2 برس وقفے کے بعد دوبارہ شروع

القمر
سہون: وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر فیاض بٹ لعل شہباز قلندر کے مزار پر چادر چڑھاکر عرس کی تقریباب کا افتتاح کررہے ہیں

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حضر ت لعل شہباز قلندر ؒ کا سالانہ عرس دو سال کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہو گیا ،افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نے کیا ،عرس کی تقریبات3دن تک جاری رہیں گی ، عرس کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، حضرت لعل شہباز قلندر کے770ویں عرس کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور زکوٰۃو عشر فیاض علی بٹ نے مزار پر چادر چڑھا کر اور فاتحہ خوانی کرکے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف جاوید صبغت اللہ مہر، چیئرمین میلاد کمیٹی و ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر)فرید الدین مصطفی، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف زاہد علی شر، ایس ایس پی جامشورو جاوید بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی مشیر
نے کہا کہ ہم میزبان ہیں اور زائرین ہمارے مہمان ہیں اور زائرین کو کوئی بھی تکالیف یا مسائل درپیش ہیں انہیں دور کیا جائے گا، عرس کی تقریبات پر کورونا وائرس کی وجہ سے پابندی تھی اب دوسال کے وقفے کے بعد عرس کی تقریبات دوبارہ شروع ہو چکی ہیں جس میں لاکھوں زائرین شریک ہیں ۔ عرس کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، 4500 پولیس اہلکارتعینات کیے گئے ہیں،گرمی کی شدت کی وجہ سے عبداللہ شاہ میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں ایک ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کیا گیا ہے اور اسپتال میں 100 سے زائد بستروں پر مشتمل وارڈ قائم ہے جہاںماہر ڈاکٹرز بھی موجود ہیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر چیئرمین میلا دکمیٹی فرید الدین مصطفی نے صوبائی مشیر کو سوینئر اور خصوصی اشاعت پیش کی جبکہ ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر)فرید الدین مصطفی نے ایس ایس پی جامشورو جاوید بلوچ کے ہمراہ عرس کے دوران سہون میں انتظامات کا جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے محکمہ صحت کی جانب سے لگائی جانے والی طبی امدادی کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب ادویات اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ زائرین کو مکمل سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے